نبی پاک ﷺ کی تاریخ ولا دت میں اقوال مختلف ہیں، لیکن زیادہ مشہور و اکثر و ماخوذ و معتبر یہی ہے کہ آپ ﷺ کی ولادت 12 ربیع الاول کو ہوئی ہے۔
علامہ قسطلانی و فاضل زرقانی فرماتے ہیں:
مشہور یہ ہے کہ حضور ﷺ بارہ ربیع الاول بروز پیر کو پیدا ہوئے، امام المغازی محمد بن اسحاق وغیرہ کا یہی قول ہے۔ (1)
اسی طرح حضور ﷺ کے وصال با کمال کی تاریخ میں بھی اختلا ف ہے۔ مشہور قول یہی ہے کہ آپ ﷺ کا وصال مبارک بارہ ربیع الاول کو ہوا، لیکن تحقیق یہ ہے کہ حقیقۃً بحسب رؤیت مکہ معظمہ ربیع الاول شریف کی تیرہویں تھی۔ کیونکہ یہ تو بالاجماع ثابت ہے کہ وفات مبارکہ پیر کے دن ہوئی اور یہ بھی ثابت ہے کہ نو ذوالحجہ کو جمعۃ المبارک تھا۔ اب اگر حساب کیا جائے، تو بارہ ربیع الاول کسی بھی اعتبار سے پیر کو نہیں بنتی۔ لیکن مدینہ شریف میں چونکہ رؤیت نہیں ہوئی تھی، لہٰذا ان کے حساب سے بارہویں تھی اور اسی کو راویوں نے بیان کیا اور یہی جمہور کے نزدیک مقبول ٹھہری۔
ابن سعد نے طبقات میں بطریق عمر بن علی رضی اللہ عنہما امیر المؤمنین مولی علی کرم اللہ وجہہ الکریم سے روایت کی:
یعنی حضور ﷺ کی وفات شریف روز دو شنبہ، ربیع الاول شریف کی بارھویں تاریخ کو ہو ئی۔ (2)