کپڑے پاک کرنے کا ایک آسان طریقہ یہ ہے کہ بالٹی میں ناپاک کپڑے ڈال کر اُوپر سے نل کھول دیجئے، کپڑوں کو ہاتھ یا کسی سَلاخ وغیرہ سے اِس طرح ڈَبوئے رکھئے کہ کہیں سے کپڑے کا کوئی حِصہ پانی کے باہَر اُبھرا ہوا نہ رہے۔
جب بالٹی کے اوپر سے ابل کر اتنا پانی بہ جائے کہ ظن غالب آجائے کہ پانی نجاست کو بہا کر لے گیا ہو گا تو اب وہ کپڑے اور بالٹی کا پانی، نیز ہاتھ یا سلاخ کاجتنا حصّہ پانی کے اندر تھا سب پاک ہو گئے جبکہ کپڑے وغیرہ پر نجاست کا اثر باقی نہ ہو۔ اس عمل کے دوران یہ احتیاط ضروری ہے کہ پاک ہو جانے کے ظن غالب سے قبل ناپاک پانی کا ایک بھی چھینٹا آپ کے بدن یا کسی اور چیز پر نہ پڑے۔
اور دوسرا طریقہ یہ ہے کہ کپڑے کی جس جگہ نجاست لگی ہو تو اس حصے کو پکڑ کر اس کو پانی کے نل کے نیچے رکھے اور اس پر پانی بہاتا جائے جب ظن غالب ہو جائے کہ اب نجاست اس سے دور ہو چکی ہے تو وہ کپڑا پاک ہو جائے گا۔
اور تیسرا طریقہ یہ ہے کہ اگر کسی ڈول وغیرہ سے دھو رہا ہے تو ایک مرتبہ اس پر پانی ڈال کر اس کو اچھی طرح نچوڑ لے حتیٰ کہ اس میں ایک قطرہ بھی باقی نہ رہے، اسی طرح دو مرتبہ اور کرے تو وہ کپڑا پاک ہو جائے گا۔