جانیئے توبہ کا طریقہ، اسکی شرائط اور سچی توبہ کسے کہتے ہیں؟

Tauba ka tareeqa

توبہ کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ گناہ کے بعد وضو کرے اوردو رکعت نماز صلوۃ التوبہ کی نیت سے پڑھے پھر اپنے گناہوں پر شرمندہ ہو کرخدا سے یہ عہد کرے کہ میں اب کبھی بھی یہ گناہ نہ کروں گا۔ پھر اس توبہ پر قائم رہے اور اس گناہ کے قریب نہ جائے اور خدا عزوجل سے اپنے گناہ کی بخشش اور معافی مانگے۔ (1)

سچی توبہ کسے کہتے ہیں؟

یاد رکھئے کہ ٹھنڈی آہیں بھرنے ..یا ..اپنے گالوں پر چپت مارنے ..یا.. اپنے ناک اورکانوں کو ہاتھ لگانے ..یا..اپنی زبان دانتوں تلے دبالینے ..یا..سر ہلاتے ہوئے ”توبہ، توبہ، توبہ“ کی گردان کرنے کا نام توبہ نہیں ہے بلکہ سچی توبہ سے مراد یہ ہے کہ بندہ کسی گناہ کو اللہ تعالیٰ کی نافرمانی جان کر اس پر نادِم ہوتے ہوئے رب عزوجل سے معافی طلب کرے اور آئندہ کے لئے اس گناہ سے بچنے کا پختہ ارادہ کرتے ہوئے،

اس گناہ کے ازالہ کے لئے کوشش کرے،یعنی نماز قضا کی تھی تو اب ادا بھی کرے ،چوری کی تھی یا رشوت لی تھی تو بعد ِ توبہ وہ مال اصل مالک یا اس کے ورثاء کو واپس کرے یا معاف کروا لے اور ان دونوں (2)کے نہ ملنے کی صورت میں اصل مالک کی طرف سے راہِ خدا میں صدقہ کر دے۔علی ھذا القیاس (3)

حضرت سیدنا ابن عباس رضي اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ قیامت کے دن کئی توبہ کرنے والے ایسے ہوں گے جن کو گمان ہو گا کہ وہ توبہ کرنے والے ہیں ،حالانکہ وہ توبہ کرنے والے نہيں ہیں۔ یعنی توبہ کا طریقہ اختیا ر نہیں کیا ،ندامت نہیں ہوئی، گناہوں سے رک جانے کا عزم نہیں کیا، جن پر ظلم کیا ہے ان سے معاف نہیں کرایا اور نہ ان کو حق دیا بشرطیکہ ممکن تھا ،البتہ ! جس نے کوشش کی اور ناکامی کی صورت میں اہل حقوق کے لیے استغفار کیا، تو امید ہے کہ اللہ عزوجل اہل حقوق کو راضی کر کے اسے چھڑا لے گا۔“

توبہ کرنے والا

سرورِ عالم ، نور مجسم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا،

”اَلتَّائِبُ مِنَ الذَّنْبِ کَمَنْ لَّاذَنْبَ لَہٗ“۔
یعنی گناہوں سے توبہ کرنے والا ایسا ہے کہ گویا اس نے کبھی کوئی گناہ کیا ہی نہ ہو۔“(4)

توبہ کی شرائط

شرح فقہ اکبر میں ہے :”مشائخ عظام نے فرمايا کہ تو بہ کے تين ارکان ہيں ۔

  1. ماضی پرندامت۔
  2. حال میں اس گناہ کو چھوڑ دينا۔
  3. اور مستقبل میں اس کی طرف نہ لوٹنے کا پختہ ارادہ۔
5/5 - (1 vote)

حوالہ جات

حوالہ جات
1 بہشت کی کنجیاں صفحہ 157
2 یعنی اصل مالک یا ورثاء
3 ماخوذ ازفتاویٰ رضویہ، جلد ۱۰، نصف اول ،ص۹۷
4 السنن الکبری ،کتاب الشہادات ، باب شہادۃ القاذف ، رقم ۲۰۵۶۱ ، ج ۱۰ ، ص ۲۵۹

توجہ فرمائیں! اس ویب سائیٹ میں اگر آپ کسی قسم کی غلطی پائیں تو ہمیں ضرور اطلاع فرمائیں۔ ہم آپ کے شکر گزار رہیں گے۔

2 تبصرے “جانیئے توبہ کا طریقہ، اسکی شرائط اور سچی توبہ کسے کہتے ہیں؟

اپنا تبصرہ بھیجیں