تلاوت قرآن کرنے کے فضائل پر مبنی احادیث مبارکہ

تلاوت قرآن کرنے کے فضائل پر مبنی احادیث مبارکہ

تلاوت قرآن کے بارے میں احادیث مبارکہ

  1.  حضرتِ سیدنا ابو اُمَامَہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اﷲ ﷺ کو فرماتے ہوئے سناکہ ”قرآن پڑھا کرو کیونکہ یہ قیامت کے دن اپنے پڑھنے والوں کی شفاعت کریگا ۔“(1)
  2.  حضرتِ سیدنا عبداﷲ بن عمرورضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
    ”روزے اور قرآن قیامت کے دن بندے کے لئے شفاعت کریں گے روزہ عرض کریگا یا رب عزوجل میں نے اسے دن میں کھانے پینے اور خواہشات سے روک دیا تھا لہذا میری شفاعت اسکے حق میں قبول فرماجبکہ قرآن کہے گا اے رب عزوجل میں نے اسے رات کو سونے سے روک دیا تھا لہذامیری شفاعت اسکے حق میں قبول فرما پھران دونوں کی شفاعت قبول کرلی جائے گی۔“(2)
  3.  حضرتِ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
    ” جس نے کتا ب اللہ عزوجل کی ایک آیت توجہ کے ساتھ سنی اسکے لئے ایک نیکی اضافہ کے ساتھ لکھی جائے گی اور جس نے اسکی تلاوت کی وہ آیت اسکے لئے قیامت کے دن نور بن جائے گی ۔“(3)

دنیا کے سورج کی روشنی سے بڑھ کر روشنی

  1.  حضرت معاذ جہنی رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ
    “جو شخص قرآن کو پڑھے اور اس پر عمل کرے تو قیامت کے دن اس کے ماں اورباپ کو ایسا تاج پہنایا جائے گا کہ اس کی روشنی دنیا کے سورج کی روشنی سے بڑھ کر ہوگی جب کہ سورج کو اتنا قریب فرض کر لیا جائے پھر تم سمجھ سکتے ہو کہ جب ماں باپ کایہ مرتبہ ہو گا تو اس شخص کا کیا درجہ ہو گا جس نے قرآن کریم پر عمل کیا۔“(4)
  2.  حضرت ابن مسعود رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ سرورِ عالم ﷺ نے فرمایا کہ
    ”جو شخص کتاب اللہ میں سے ایک حرف پڑھے تو اس کو ہر حرف کے بدلے میں ایک نیکی ملے گی اور ہر نیکی دس نیکیوں کے برابر ہو گی۔ میں الم کو ایک حرف نہیں کہتا بلکہ الف ایک حرف ہے’ لام ایک حرف ہے اور میم ایک حرف ہے۔“(5)

نوٹ:

قرآن میں کل 321267 حروف ہیں تو پورے قرآن کی تلاوت سے 3212670 نیکیاں ملیں گی۔(6)
اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی زبان تلاوتِ قرآن میں استعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین بجاہ النبی الامین ﷺ

3.3/5 - (3 votes)

حوالہ جات

حوالہ جات
1 مسلم ،کتاب صلاۃ المسافرین ،باب فضل قراء ۃ القرآن ، رقم ۲۵۲، ص ۴۰۳
2 مسند احمد، مسند عبداللہ بن عمرو بن عاص، رقم ۶۶۳۷، ج۲ ،ص ۵۸۶
3 مسند احمد، مسند ابی ہریرہ، رقم ۸۵۰۲ ،ج۳ ،ص ۲۴۵
4 مسند احمد،ج۵،رقم۱۵۶۴۵،ص۳۱۴
5 ترمذی ،کتاب فضائل القرآن ،رقم ۲۹۱۹،ج۴،ص۴۱۷
6 انوار الحدیث ،ص ۲۷۳

توجہ فرمائیں! اس ویب سائیٹ میں اگر آپ کسی قسم کی غلطی پائیں تو ہمیں ضرور اطلاع فرمائیں۔ ہم آپ کے شکر گزار رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں