روایت ہے کہ ایک یہودی لبید بن اعصم اور اس کی بیٹیوں نے نبی کریم ﷺ پر جادو کیا، جس کا اثر آپ ﷺ کے جسم مبارک پر ظاہر ہوا۔ تاہم، اللہ کے فضل سے آپ ﷺ کے دل، عقل اور ایمان پر اس جادو کا کوئی اثر نہ ہوا۔ چند دن بعد، حضرت جبریل علیہ السلام نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور اطلاع دی کہ ایک یہودی نے آپ ﷺ پر جادو کیا ہے، اور جادو کا سامان ایک کنوئیں میں ایک پتھر کے نیچے دفن کیا گیا ہے۔ (1)
نبی کریم ﷺ نے حضرت علی رضی اللہ عنہ کو اس کنوئیں کی طرف بھیجا۔ انہوں نے کنوئیں کا پانی نکالا اور پتھر کو ہٹایا۔ پتھر کے نیچے سے ایک تھیلی برآمد ہوئی، جس میں کھجور کے گابھے میں لپٹے ہوئے حضور ﷺ کے مبارک بال، جو کنگھی سے نکلے تھے، اور کنگھی کے ٹوٹے ہوئے دندانے موجود تھے۔ اس کے علاوہ، ایک ڈوریا بھی نکلا، جس پر گیارہ گرہیں لگی ہوئی تھیں، اور ایک موم کا پُتلا جس میں گیارہ سوئیاں چبھی ہوئی تھیں۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ نے یہ تمام سامان نبی کریم ﷺ کی خدمت میں پیش کیا۔
سورۃ الفلق اور سورۃ الناس کا نزول
اس کے بعد اللہ تعالیٰ نے سورۃ الفلق اور سورۃ الناس نازل فرمائیں، جن میں گیارہ آیات ہیں۔ نبی کریم ﷺ نے ہر آیت کی تلاوت سے ایک ایک گرہ کھولی، یہاں تک کہ تمام گرہیں کھل گئیں اور آپ ﷺ مکمل طور پر شفا یاب ہو گئے۔ بعد میں جادو کا سارا سامان زمین میں دفن کر دیا گیا۔
جادو کے خلاف سنت نبوی ﷺ
جادو کے علاج کے متعلق ایک روایت بخاری و مسلم میں بھی ملتی ہے، جس کے مطابق نبی کریم ﷺ رات کو سونے سے پہلے اپنے دونوں ہاتھوں پر سورۃ الفلق اور سورۃ الناس پڑھ کر دم کرتے اور پھر اپنے جسم مبارک پر، جہاں تک ہاتھ پہنچتے، پھیرتے تھے۔ یہ عمل آپ ﷺ تین مرتبہ فرماتے۔ (2)
جادو اور دیگر امراض کا مؤثر علاج
خلاصہ یہ ہے کہ سورۃ الفلق اور سورۃ الناس جادو، شیطانی اثرات، نظر بد اور دیگر بیماریوں کا مؤثر علاج ہیں۔ ان سورتوں کو بار بار پڑھ کر مریض پر دم کریں، کھانے پینے کی چیزوں اور دواؤں پر پڑھ کر دم کریں، اور مریض کو استعمال کروائیں۔ ان شاء اللہ ہر قسم کا جادو اور بیماری ختم ہو جائے گی، اور مریض کو شفا حاصل ہو گی۔