روزہ باطنی عبادت ہے، کیوں کہ ہمارے بتائے بغیر کسی کو یہ علم نہیں ہوسکتا کہ ہمارا روزہ ہے اور اللہ عزوجل باطنی عبادت کو زیادہ پسند فرماتا ہے۔ ایک حدیث پاک کے مطابِق، ”روزہ عِبادت کا دروازہ ہے۔ “
( الجامع الصغیرص۱۴۶حدیث۲۴۱۵)
نزول قرآن
اس ماہ مبارک کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ اللہ عزوجل نے اس میں قراٰن پاک نازِل فرمایاہے۔
رمضان کی ہر گھڑی رحمت بھری رمضان المبارک وہ بابرکت مہینا ہے
جس کی ہر ہر گھڑی رحمت بھری ہے اور ہر ہر ساعت عبادت میں گزرتی ہے۔ جیسا کہ مفسرشہیر ، حکیم الامت حضرتِ مفتی احمد یار خان علیہ رحمۃ الحنان ”تفسیرِ نعیمی“ ، جلد 2 صفحہ 208 پر فرماتے ہیں : ”ہر مہینے میں خاص تاریخیں اور تاریخوں میں بھی خاص وقت میں عبادت ہوتی ہے مثلاً بقر عید کی چند ( مخصوص ) تاریخوں میں حج ، محرّم کی دَسویں تاریخ اَفضل ، مگر ماہ رمضان میں ہر دن اور ہر وقت عبادت ہوتی ہے۔ روزہ عبادت ، افطار عبادت ، افطار کے بعد تَراویح کا انتظار عبادت ، تَراویح پڑھ کر سحری کے انتظار میں سونا عبادت ، پھر سحری کھانا بھی عبادت الغرض ہر آن میں خدا عزوجل کی شان نظر آتی ہے۔ “