یہ ایک حوض ہے جس کی تہ مشک کی ہے یاقوت اور موتیوں پر جاری ہے. حوض کوثر نبی ﷺ کو مرحمت ہوا، حق ہے۔ اسکے دونوں کنارے سونے کے ہیں اور ان پر موتیوں کے قبّے (گنبد ، برج) نصب ہیں۔ چاروں گوشے برابر یعنی زاویے قائمہ ہیں۔ اس کی مٹی نہایت خوشبودار مشک کی ہے۔ اور اس کے برتن گنتی میں آسمان کے ستاروں سے بھی زیادہ ہیں۔
اس کا پانی دودھ سے زیادہ سفید، شہد سے زیادہ شیریں(میٹھا)، مشک سے زیادہ خوشبودار ہے۔ جو ایک مرتبہ پئے گا پھر کبھی پیاسا نہ ہوگا۔ اس میں جنت سے دو پر نالے ہر وقت گرتے ہیں، ایک سونے کا، دوسرا چاندی کا۔ اللہ تعالیٰ نے یہ حوض اپنے حبیب اکرم ﷺ کو عطافرمایا ہے ۔ حضور ﷺ اس سے اپنی امت کو سیراب فرمائیں گے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں بھی نصیب فرمائے۔ آمین ۔