پیارے ساتھیو! ہم نے قیامت کی علامات کے بارے میں اپنی سابقہ تحریر”کچھ علامات قیامت اور ہمارا معاشرہ” میں جانا ہے ۔ ہم نے جانا کہ نمازیں قضا کرنا بھی قیامت کی نشانیوں میں سے ہے۔آئیے!ابھی نیّت کیجئے اور اپنے اِظہارکو طاہر کیجئے کہ آج کے بعد میری کوئی بھی نمازقضا نہیں ہوگی، اِنْ شَاء اللہ۔
پیارے بھائیو! نَماز ایک بہت ہی عظیم عبادت ہے، نماز جنت میں لے جانے والا عمل ہے، نَماز مومن کے لئے بہترین عمل ہے، نماز نور ہے، خشوْع وخضوْع کے ساتھ دو رکعتیں ادا کرنے والے کے لئے جنت واجب ہو جاتی ہے، دو رکعت نمازدنیا و مافیھا (یعنی دنیا اورجوکچھ اس میں ہے) اس سے بہتر ہے، نمازاللہ پاک کا پسندیدہ عمل ہے، نَماز میں ہر سجدے کے عوض ایک نیکی لکھی جاتی، ایک گناہ مٹایا جاتا اور ایک درجہ بلند کیا جاتا ہے، نمازی بروزِ قیامت سلامتی کے ساتھ جنت میں داخل کیا جائے گا، نماز سے گناہ جھڑتے ہیں، نمازگناہوں کے میل کچیل کو دھو دیتی ہے، ایک نَماز پچھلی نماز کے دوران ہونے والے گناہوں کو دھو ڈالتی ہے، نمازی خیر میں رات گزارتا ہے، نمازبرائیوں کو مٹا دیتی ہے، نمازی جنت میں داخل ہو گا ، نمازی کے لئے معصوم فرِشتے اللہ پاک کی بارگا ہ میں مغفرت کی سفارش کرتے ہیں، نمازی اللہ پاک کی امان یعنی حفَاظت میں رہتا ہے، نَماز، نمازی کے لئے دعائے حفاظت کرتی ہے، نمازی کامل مومن ہے، نمازی کو پورا پورا بدلہ دیا جائے گا، نمازشیطان کا منہ کالا کرتی ہے۔
اللہ پاک ہمیں بھی پانچ وقت کی نماز پابندی کے ساتھ ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین