رمضان شریف تمام مہینوں کا سردار اور اس مہینے کا ذکر قرآن مجید میں

اللہ پاک کی رحمت پر قربان کہ اس نے ہمیں رمَضان المبارک کا مہینا عطا فرمایا ہے ، یہ مہینا بڑی ہی عظمت و شان والا مہینا ہے ۔ اس مہینے کی عظمت و شان کا اَندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ قراٰن کریم میں اللہ پاک نے مہینوں کی تعداد تو بیان فرمائی ہے لیکن مہینوں کے نام بیان نہیں فرمائے ، صرف رمضان المبارک کا مہینا ایسا ہے جس کا نام قراٰن کریم میں لیا گیا اور اس کے فَضائل اور اَحکام بیان فرمائے گئے ہیں۔ چنانچہ خدائے رحمٰن عزوجل کا فرمان عالیشان ہے :
تَرجمَہ کَنزالایمان: رمضان کا مہینہ، جس میں قراٰن اترا،لوگوں کے لئے ہدایت اور رہنمائی اور فیصلہ کی روشن باتیں ،تَو تم میں جو کوئی یہ مہینہ پائے ضرور اس کے روزے رکھے اور جو بیمار یا سفر میں ہو،تَو اتنے روزے اور دنوں میں۔اللہ (عزوجل) تم پر آسانی چاہتا ہے اور تم پر دشواری نہیں چاہتا اوراس لئے کہ تم گنتی پوری کرواور اللہ (عزوجل) کی بڑائی بولو اس پر کہ اُس نے تمہیں ہدایت کی اور کہیں تم حق گزار ہو ۔
( پ ۲ البقرہ۱۸۵)
حدیث پاک میں اس ماہ مبارک کو تمام مہینوں کا سردار فرمایا گیا ہے ۔ چنانچہ مکی مدنی سلطان ﷺ کا فرمان عالیشان ہے:
یعنی تمام مہینوں کا سردار رمَضان ہے اور تمام دنوں کا سردار جمعہ کا دن ہے۔