فرض نماز یا مطلقاً کسی بھی نماز کے بعد دعا کرنا قرآن مجید، نبی کریم ﷺ، صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور سلف صالحین سے ثابت ہے۔ اسی طرح اجتماعی دعا کرنے کا ثبوت بھی احادیث مبارکہ اور اقوال ائمہ میں موجود ہے۔
فرض نماز کے بعد اجتماعی دعا کا حکم
لہٰذا، نماز کے بعد امام صاحب کا ہاتھ اٹھا کر اجتماعی دعا کروانا ہرگز بدعت نہیں، بلکہ مستحسن اور بہت اچھا کام ہے۔
اسی طرح، فرض نمازوں کے بعد کا وقت حدیث شریف کے مطابق قبولیت کے اوقات میں سے ہے، اس وجہ سے بھی نماز کے بعد دعا کرنی چاہیے۔ لیکن یاد رہے کہ اتنی بلند آواز سے دعا نہ کی جائے کہ پیچھے نماز پڑھنے والوں کو پریشانی کا سامنا ہو۔
قرآن و حدیث کی روشنی میں دعا کا ثبوت:
اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے:
﴿فَاِذَا فَرَغْتَ فَانْصَبْ﴾
ترجمہ: “تو جب تم فارغ ہو، تو خوب کوشش کرو۔”
اس آیت کے تحت تفسیر خازن میں ہے:
قال ابن عباس رضی اللہ عنہ : إذا فرغت من الصّلاة المكتوبة، فانصب إلى ربك في الدعاء، وارغب إليه في المسألة
ترجمہ: حضرت ابنِ عباس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں (آیت کا مطلب یہ ہے کہ) اے محبوب جب آپ فرض نماز سے فارغ ہو جائیں، تو اپنے رب عزوجل سے دعا کرنے میں کوشش کیجئے اور اس سے سوال کرنے میں رغبت کیجئے ۔
نماز کے بعد دعا کی فضیلت:
دعا کے متعلق حدیث پاک میں ہے:
عن براء بن عازب رضی ﷲ تعالیٰ عنہ قال : کنا اذا صلینا خلف رسول ﷲ ﷺ ، احببنا ان نکون عن یمینہ یقبل علینا بوجھہ قال فسمعتہ یقول رب قنی عذابک یوم تبعث او تجمع عبادک
ترجمہ: حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ جب ہم نبی اکرم ﷺ کے پیچھے نماز پڑھتے، تو ہمیں آپ کی دائیں طرف کھڑا ہونا زیادہ محبوب ہوتا تھا تاکہ آپ ﷺ (سلام کے بعد) چہرہ انور ہماری طرف پھیریں، کہتے ہیں، پھر میں نے آپ ﷺ کو یہ کلمات کہتے ہوئے سنا: اے میرے رب! مجھے اپنے اس دن کے عذاب سے محفوظ فرما جس دن تو اپنے تمام بندوں کو اٹھائے گا یا جمع کرے گا ۔
فرض نماز کے بعد دعا کے متعلق حدیث پاک میں ہے:
عن أبي أمامة، قال: قيل يا رسول اللہ: أي الدعاء أسمع؟ قال: جوف الليل الآخر، ودبر الصلوات المكتوبات
ترجمہ: حضرت ابوامامہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ کی بارگاہ میں عرض کیا گیا کہ کون سی دعا جلد قبول ہوتی ہے؟ ارشاد فرمایا: رات کے آخری پہر میں کی گئی دعائیں اور فرض نمازوں کے بعد کی گئی دعائیں ۔
اجتماعی دعا کا ثبوت:
اجتماعی دعا کے متعلق حدیث پاک میں ہے:
”عن حبيب بن مسلمة الفهري سمعت رسول اللہ صلى اللہ عليه وسلم يقول: لا يجتمع ملأ فيدعو بعضهم ويؤمن سائرهم إلا أجابهم اللہ“
ترجمہ: حضرت حبیب بن مسلمہ الفہری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے سنا کہ جب کوئی قوم جمع ہو اور ان میں سے ایک دعا کرے اور بقیہ اس پر آمین کہیں، تو اللہ پاک ان کی دعا قبول فرماتا ہے ۔