اسلامی تہواروں میں سے 10 ذوالحجہ کے دن کو عید الاضحی، بقرہ عید، عید قربانی، بڑی عید وغیرہ کے نام سے موسوم کیا جاتا ہے۔
عید الاضحی کتنے دن کی ہوتی ہے؟
اس عید الاضحی کے تین دن ہوتے ہیں، تین دنوں تک یہ منائی جاتی ہے۔ جس کا پہلا اور بڑا دن 10 ذوالحجہ ہے اس کے بعد 11 اور 12 تاریخ بھی عید الاضحی کا ہی حصہ ہیں۔
عید الاضحی کی اہمیت:
اس عید کو اسلامی روایت میں کئی لحاظ سے اہمیت حاصل ہے۔ اس عید پر تمام عالم اسلام کے طول و عرض میں اہل ایمان جمع ہو کر اللہ پاک کی عبادت کرتے ہوئے دو رکعت نماز عید الاضحی ادا کرتے ہیں اور حکم خداوندی پر عمل پیرا ہو کر اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی کے لیے سنت ابراہیمی ادا کرتے ہوئے صاحب حیثیت مسلمان اپنے جانوروں کی قربانی کرتے ہیں۔ خود بھی کھاتے ہیں اور فقراء و مساکین و رشتے داروں اور دوستوں کو کھلاتے ہیں۔
حدیث کی روشنی میں قربانی کی فضیلت:
نبی کریم ﷺ نے 10 ذی الحجہ کے دن کی اہمیت کے بارے میں ارشاد فرمایا:
ترجمہ: قربانی کے ایام میں ابن آدم کا کوئی عمل خدائے تعالیٰ کے نزدیک خون بہانے (یعنی قربانی کرنے) سے زیادہ پیارا نہیں اور وہ جانور قیامت کے دن اپنے سینگوں، بالوں، کھروں کے ساتھ آئے گا اور قربانی کا خون زمین پر گرنے سے قبل خدائے تعالیٰ کے نزدیک مقام قبول میں پہنچ جاتا ہے۔ (1)
حوالہ جات
| 1↑ | سنن الترمذی، الحدیث: ۴۱۹۸، ج۳، ص۱۶۲، سنن ابن ماجہ، الحدیث: ۳۱۲۶، ج۳، ص۵۳۰ |
|---|