حضرت سلیمان علیہ السلام کی ننانوے بیویاں تھیں۔ ایک مرتبہ آپ نے فرمایا کہ میں رات بھر اپنی ننانوے بیویوں کے پاس دورہ کروں گا اور سب کے ایک ایک لڑکا پیدا ہو گا تو میرے یہ سب لڑ کے اللہ کی ر ا ہ میں گھو ڑ و ں پر سو ا ر ہو کر جہا د کریں گے ۔ مگر یہ فر ما تے و قت آپ نے ان شاء اللہ نہیں کہا۔ غالباً آپ اس وقت کسی ایسے شغل میں تھے کہ اس کا خیال نہ رہا۔ اس ”ان شاء اللہ ”کو چھوڑ دینے کا یہ اثر ہوا کہ صرف ایک عورت حاملہ ہوئی اور اُس کے بھی ایک ناقص الخلقت (کچا بچہ)ہوا۔ حضور خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اگر حضرت سلیمان علیہ السلام نے ”ان شاء اللہ ”کہہ دیا ہوتا تو ان سب عورتوں کے لڑکے پیدا ہوتے اور وہ خدا کی راہ میں جہاد کرتے۔
(بخاری شریف، کتاب الجہاد، باب من طلب الولد للجہاد، ج۴،ص ۲۲، رقم ۲۸۱۹ )
قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے اس واقعہ کو اجمالاً بہت مختصر طریقے پر اس طرح بیان فرمایا ہے:۔
ترجمہ کنزالایمان:۔اور بیشک ہم نے سلیمان کو جانچا اور اس کے تخت پر ایک بے جان بدن ڈال دیا پھر رجوع لایا عرض کی اے میرے رب مجھے بخش دے اور مجھے ایسی سلطنت عطا کر کہ میرے بعد کسی کو لائق نہ ہو بیشک تو ہی بڑی دین والا۔
درسِ ہدایت:۔اس قرآنی واقعہ سے یہ سبق ملتا ہے کہ مسلمان کو لازم ہے کہ آئندہ کے لئے جو کام کرنے کو کہے تو ”ان شاء اللہ تعالیٰ” ضرور کہہ دے۔ اس مقدس جملہ کی برکت سے بڑی امید ہے کہ وہ کام ہوجائے گا۔ اور ”ان شاء اللہ تعالیٰ” چھوڑ دینے کا انجام سراسر نقصان اور ناکامی و محرومی ہے۔ غور کیجئے کہ حضرت سلیمان علیہ السلام جو خداوند ِقدوس کے پیارے نبی اور بے مثال بادشاہ بھی ہیں۔ مگر انہوں نے لاشعوری طور پر ان شاء اللہ تعالیٰ کہنا چھوڑ دیا تو ان کا مقصد جو اعلیٰ درجے کی عبادت تھی پورا نہیں ہوا اور وہ اس بات پر نہایت متاسف اور رنجیدہ ہو کر خدا کی طرف رجوع ہوئے ،وہ اپنی مغفرت کی دعا مانگنے لگے ،پھر بھلا ہم تم گنہگاروں کا کیا ٹھکانا ہے؟ کہ اگر ہم تم ان شاء اللہ تعالیٰ کہنا چھوڑ دیں گے تو بھلا کس طرح ہم اپنے مقصد میں کامیاب ہوں گے؟لہٰذا ”ان شاء اللہ تعالیٰ” کہنا ضرور یاد رکھئے۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ نے ہمارے رسول مقبول حضور خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم کو قرآن مجید میں بڑی تاکید کے ساتھ یہ حکم دیا ہے کہ آئندہ کے لئے جو کام بھی کرنے کو کہے تو ضرور ”ان شاء اللہ تعالیٰ” کہہ لیجئے۔
چنانچہ اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ حکم فرمایا۔
ترجمہ کنزالایمان:۔اور ہرگز کسی بات کو نہ کہنا کہ میں کل یہ کردُوں گا مگر یہ کہ اللہ چاہے اور اپنے رب کی یاد کر جب تو بھول جائے۔