پانی انسان کی بنیادی ضرورت ہے، اس کے بغیر انسان کا جینا ناممکن ہے۔ ہم ہر روز کئی گلاس پانی پیتے ہیں۔ اگر ہم پانی پینے کی سنتیں اور آداب سیکھ لیں تو ہم اسے بھی اپنے لیے نیکیوں کا ایک ذریعہ بنا سکتے ہیں۔ پانی پینے کی چند سنتیں یہ ہیں۔
پانی بیٹھ کر ، اجالے میں دیکھ کر ، سیدھے ہاتھ سے بسم اللہ پڑھ کر اس طرح پئیں کہ ہر مرتبہ گلاس کو منہ سے ہٹا کر سانس لیں۔ پہلی اور دوسری بار ایک ایک گھونٹ پئیں اور تیسری سانس میں جتنا چاہیں پئیں۔ حضرت سیدناابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا:
”اونٹ کی طرح ایک ہی گھونٹ میں نہ پی جایا کرو بلکہ دو یا تین بار پیا کرو اورجب پینے لگو تو بسم اللہ پڑھا کرو اورجب پی چکو تو الحمد للہ کہا کرو۔“ (1)
حضرت سیدناانس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ سرکارِ مدینہ ﷺ پینے میں تین بار سانس لیتے تھے اور فرماتے تھے: ”اس طرح پینے میں زیادہ سیرابی ہوتی ہے اور صحت کے لئے مفید وخوش گوار ہے۔“ (2)
حضرت سیدناابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ اللہ عزوجل کے پیارے محبوب ﷺ نے برتن میں سانس لینے اور پھونکنے سے منع فرمایاہے ۔ (3)
حضرت سیدناانس رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ سرکارِ مدینہ ﷺ نے کھڑے ہوکر پانی پینے سے منع فرمایاہے۔ (4)