ایمان لانے کے بعد اسلام کا اہم ترین رکن نماز ہے۔ اللّہ پاک نے ہم پر نماز فرض کر کے احسان فرمایا ہے۔ نماز کی فضیلت اس قدر ہے کہ اسے دین کا ستون قرار دیا گیا ہے۔ یہ کتنی پیاری عبادت ہے، بیماریوں سے بچاتی ہے، روزی میں برکت کا ذریعہ ہے اور عذاب قبر سے بچانے کے ساتھ ساتھ اندھیری قبر کا چراغ بھی ہے۔
نماز کی فضیلت قرآن و حدیث سے
قرآن پاک میں اللہ پاک نے سورہ مؤمنون میں ایمان والوں کے اوصاف بیاں کرتے ہوئے ارشاد فرمایا:
ترجمہ: بیشک ایمان والے کامیاب ہو گئے۔ جو اپنی نماز میں خشوع و خضوع کرنے والے ہیں۔ (1)
نماز کی فضیلت پر احادیث
احادیث مبارکہ میں نماز پڑھنے کے کثیر فضائل بیاں ہوئے ہیں جیسا کہ: نبی کریم ﷺ نے فرمایا:
جس نے میرے اِس وضو کی طرح وضو کیا پھر اس طرح دو رکعت نماز پڑھی کہ ان میں خیالات نہ آنے دے تو اس کے پچھلے تمام گناہ بخش دیے جائیں گے۔ (2)
ایک اور مقام پر ارشاد فرمایا: جس نے نماز پر مداومت (3) کی تو قیامت کے دن وہ نماز اس کے لیے نور ،برہان اور نجات ہو گی اور جس نے نماز کی محافظت نہ کی تو اس کے لیے نہ نور ہے، نہ برہان، نہ نجات اور وہ قیامت کے دن قارون، فرعون، ہامان اور اُبی بن خلف کے ساتھ ہو گا۔ (4)
نماز چھوڑنے پر وعید بیان کرتے ہوئے نبی کریم ﷺ نے فرمایا: جس نے جان بوجھ کرنماز چھوڑی تو جہنم کے اس دروازے پر اس کا نام لکھ دیا جاتا ہے جس سے وہ داخل ہو گا۔ (5)
نماز ادا کرنے کے فوائد
نماز عذاب سے بچاتی ہے۔ قیامت کی دھوپ میں سایہ ہے۔ پل صراط کے لیے آسانی ہے۔ نماز جنت کی کنجی ہے اور جہنم کے عذاب سے بچاتی ہے۔اس سے رحمت نازل ہوتی ہے۔ اللہ پاک بروز قیامت نمازی سے راضی ہو گا۔
نماز سے گناہ معاف ہوتے ہیں۔ دعاؤں کی قبولیت کا سبب ہے۔ بیماریوں سے بچاتی ہے۔ اس سے بدن کو راحت ملتی ہے۔ نماز سے روزی میں برکت ہوتی ہے۔ بے حیائی اور برے کاموں سے بچاتی ہے۔ یہ شیطان کو نا پسند ہے۔ قبر کے اندھیرے میں تنہائی کی ساتھی ہے۔
نیکیوں کے پلڑے کو وزنی بنا دیتی ہے۔ مومن کی معراج ہے۔ نماز کا وقت پر ادا کرنا تمام اعمال سے افضل ہے۔ نمازی کے لیے سب سے بڑی نعمت یہ ہے کہ اسے بروز قیامت اللہ پاک کا دیدار نصیب ہو گا۔
نماز ہر عاقل بالغ مسلمان پر فرض ہے۔ بے شک نماز مسلمانوں پر فرض ہونے کے ساتھ ساتھ عام طور پر اسلام کی سب سے اہم عبادت ہے مگر افسوس نئی نسل نماز کے معاملے میں بہت کوتاہی برت رہی ہے اور نماز سے کوسوں دور نظر آتی ہے۔ ہماری مساجد ویراں نظر آنے لگی ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ خود تو نماز کی پابندی کریں ہی ساتھ میں اپنی نسل کو بھی نماز کا پابند بنائیں۔ اللّہ پاک ہم سب کو پابندی کے نماز پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین