پہلے اِس طرح نیت کیجئے :۔ ’’میں نیت کرتا ہوں دو رکعت نماز عید الفطر یا عید الاضحٰی کی، ساتھ چھ زائد تکبیروں کے، واسطے اللہ کے، پیچھے اس امام کے‘‘۔ پھر کانوں تک ہاتھ اٹھائیے اور اللہُ اَکبر کہہ کر حسب معمول ناف کے نیچے باندھ لیجئے اور ثناء پڑھئے۔
پھر کانوں تک ہاتھ اٹھائیے اوراللہُ اَکبر کہتے ہوئے لٹکا دیجئے۔ اس کے بعد پھر ہاتھ کانوں تک اٹھائیے اوراللہُ اَکبر کہہ کر لٹکا دیجئے۔ پھر کانوں تک ہاتھ اٹھائیے اوراللہُ اَکبر کہہ کر باندھ لیجئے یعنی پہلی تکبیر کے بعد ہاتھ باندھئے۔ اس کے بعد دوسری اور تیسری تکبیر میں لٹکائیے اور چوتھی میں ہاتھ باندھ لیجئے۔ اس کو یوں یادرکھئے کہ جہاں قیام میں تکبیر کے بعد کچھ پڑھنا ہے وہاں ہاتھ باندھنے ہیں اور جہاں نہیں پڑھنا وہاں ہاتھ لٹکانے ہیں۔
اسکے بعد امام تعوّذ اور تسمیہ آہستہ پڑھ کر الحمد شریف اور سورۃ جہر(1) کیساتھ پڑھے۔ پھر رکوع کرے۔ دوسری رکعت میں پہلے الحمد شریف اور سورۃ جہر کے ساتھ پڑھے، پھر تین بار کان تک ہاتھ اٹھا کر اللہُ اَکبر کہئے اور ہاتھ نہ باندھئے اور چوتھی باربغیر ہاتھ اُٹھائے اللہُ اَکبر کہتے ہوئے رکوع میں جائیے اور قاعدے کے مطابق نماز مکمّل کر لیجئے۔ ہر دو تکبیروں کے درمیان تین بار ’’ سبحٰنَ اللہ ‘‘ کہنے کی مقدار چپ کھڑا رہنا ہے۔(2)