اللہ پاک کا احسان عظیم ہے کی اللہ پاک نے ہمیں اسلام جیسی نعمت سے سرفراز فرمایا ہے۔ اللہ پاک نے نیکیاں حاصل کرنے اور اپنے گناہوں کو معاف کروانے کے کئی مواقع عطا فرمائے۔ انہیں مواقع میں سے ایک موقع ذوالحج شریف کا مہینہ بھی ہے۔ ذوالحجۃ الحرام اسلامی سال کا آخری مہینہ ہے۔ اس مہینے کی فضیلت حج کی وجہ سے ہے۔ بلخصوص عشرہ ذوالحجہ کی فضیلت بہت زیادہ ہے۔ جیسا کہ اللہ پاک نے قرآن مجید میں ارشاد فرمایا :
ترجمہ: اس صبح کی قسم۔اور دس راتوں کی۔
علماء کے چند اقوال میں سے ایک قول یہ بھی ملتا ہے کہ اس صبح سے مراد یکم ذوالحجہ کی صبح ہے۔جبکہ دوسری آیت میں دس راتوں سے مراد ذوالحجہ کی پہلی دس راتیں ہیں۔ جسکی تصدیق حضرت عبداللّٰہ بن عباس رضی اللہ عنہ کی روایت بھی کرتی ہے۔ (1)
عشرہ ذوالحجہ کی فضیلت
حدیث پاک میں عشرہ ذوالحجہ کی فضیلت کا بیان بہت ملتا ہے۔ جن میں سے کچھ ہم یہاں بیان کرنےکی کوشش کرتے ہیں۔ جیسا کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا:
”اللّٰہ پاک کے نزدیک ان دس دنوں کے مقابلے میں کسی دن کا عمل زیادہ محبوب نہیں۔ صحابہ کرام نے عرض کی: یا رسول اللہ ﷺ، کیا اللّٰہ پاک کی راہ میں جہاد بھی نہیں؟ تو آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا:ہاں جہاد بھی نہیں، البتہ وہ شخص جو اپنی جان اور مال کے ساتھ اللّٰہ پاک کی راہ میں نکلا، پھر شہید ہو گیا“۔ (2)
ایک اور مقام پر عشرہ ذوالحجہ کی فضیلت کے حوالے سے پیارے آقا ﷺ نے ارشاد فرمایا:
”جن دنوں میں اللّٰہ پاک کی عبادت کی جاتی ہے ان میں سے کوئی عشرہ ذوالحجہ سے زیادہ پسندیدہ نہیں، ان میں سے (ممنوع دنوں کے علاوہ) ہر دن کا روزہ ایک سال کے روزوں اور ہر رات کا قیام لیلۃ القدر کے قیام کے برابر ہے۔“ (3)